امریکہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک روس کے خلاف متحد ، 100 سے زائد روسی سفارتی اہلکاروں کی دربدری

02:19PM Tue 27 Mar, 2018

واشنگٹن: امریکہ، یورپی ممالک، کناڈا اور یوکرین نے انگلینڈ میں مقیم سابق روسی جاسوس سرگئی اسكريپل كو مبینہ طور پر نرو گیس (زہر) دے کر قتل کرنے کی ' مذموم، بھیانک اور گھناؤنی ' واردات پر سخت موقف اپناتے ہوئے روس کے 100 سے زائد سفارت کاروں کو اپنے اپنے ممالک سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ نے سيٹل میں واقع روس کے قونصل خانے کو بھی بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سب سے زیادہ 60 روسی سفارتکاروں کو نکالنے کا حکم دیا جو آج کی تاریخ میں روس کے خلاف سب سے بڑا قدم ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری ایس سینڈرس نے ایک بیان جاری کرکے آج کہا کہ مسٹر ٹرمپ نے روس کے 60 سفارت کاروں کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا ہے ان میں سے 48 واشنگٹن میں واقع روسی سفارت خانے میں روس کے لئے مبینہ طور پر انٹیلی جنس ایجنٹ کے بطور کام کر رہے تھے اور 12 سفارتکار نیویارک میں واقع اقوام متحدہ میں تعینات ہیں۔ سینڈرس نے کہا کہ "برطانیہ کی سرزمین پر روس کی طرف سے اپنے سابق جاسوس اور اس کی بیٹی پر مبینہ طور پر فوجی سطح کے کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کرکے قتل کرنے کی واردات کے خلاف ہم نے ناٹو ممالک کے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے"۔