مصری خاتون کا آپریشن، وزن میں 100 کلو کمی

04:06PM Fri 10 Mar, 2017

ممبئی۔(بھٹکلیس نیوز)دنیا کی وزنی ترین مصری خاتون کا آپریشن کے بعد100کلو وزن کم ہو گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مصری خاتون کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس آپریشن سے قبل 500 کلوگرام وزن کے ساتھ وہ دنیا کی سب سے وزنی خاتون تھیں۔ شہر ممبئی کے سیفی ہسپتال کا کہنا ہے کہ مصر سے بھارت میں وزن کم کروانے کے لیے آنے والی مصری خاتون کا آپریشن کر دیا گیا ہے جس کے بعد ان کے وزن میں 100 کلو کی کمی ہوئی ہے۔ہسپتال کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ جتنی جلدی ممکن ہوسکے 36 سالہ ایمان احمد عبدالاتی اتنی صحت یاب ہو جائیں کہ اپنے وطن واپس جا سکیں۔36 سالہ ایمان احمد العبدالاتی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی لائی گئی تھیں اور انھیں سیفی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔یہ آپریشن وزن کم کرنے والی سرجری کے ماہر ڈاکٹر مضفل لکڑوالا کی قیادت میں ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے کیا ہے۔