آر ایس ایس کا 100سالہ خواب پورا ہونے کے قریب آرٹیکل 370، CAA، تین طلاق کے بعد اب کامن سیول کوڈ کی باری: امیت شاہ

04:26AM Sun 24 Apr, 2022

بھوپال:24/اپریل(ایجنسی)ایسا لگتا ہے کہ مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت آر ایس ایس کے 100/سالہ خواب کو پورا کرنے کے لئے ہی تشکیل پائی ہے۔ پہلے الزامات لگتے تھے لیکن مرکزی حکومت کے وزیرداخلہ امیت شاہ کے درج ذیل بیانات نے اسے یقین میں بدل دیا ہے۔ مرکز کی مودی حکومت ملک میں کامن سیول کوڈ کو نافذ کرنے کی تیاری میں ہے۔جمعہ کو بھوپال پہنچے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اشارہ دیا ہے کہ کامن سیول کوڈ جلد ہی نافذ کیا جائے گا۔ بی جے پی کے دفتر میں پارٹی کی کور کمیٹی کے ساتھ میٹنگ میں شاہ نے کہا کہ اب کامن سیول کوڈ کی باری ہے۔صدا ٹائمز کی خبر کے مطابق مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال پہنچے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بی جے پی کے دفتر میں کور کمیٹی کی میٹنگ کی۔ اس میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو رام مندر،آر ٹیکل 370، سی اے اے اور تین طلاق جیسے مسائل پر کامیابی ملی ہے۔ اب کامن سیول کوڈ کو نافذ کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ کامن سیول کوڈ کو اتراکھنڈ میں ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر لاگو کیا جا رہا ہے۔ بھوپال کے جمبوری میدان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 ہو، رام مندر یا کوئی اور معاملہ، پی ایم مودی کی قیادت میں ہم نے متنازع مسائل کو حل کیا ہے۔ اب پوری توجہ کامن سیول کوڈ پر ہے۔ یکساں سیول کوڈ میں شادی، طلاق، جانشینی، گود لینے جیسے سماجی مسائل ملک میں ایک مشترکہ قانون کے تحت آجائیں گے۔ مذہب کی بنیاد پر کوئی عدالت یا الگ نظام نہیں ہوگا۔ کامن سیول کوڈ کے نفاذ کیلئے پارلیمنٹ کی منظوری ضروری ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آزادی سے قبل ہندوؤں اور مسلمانوں کیلئے مختلف قوانین نافذ کیے گئے تھے۔ بی جے پی نے اپنے تین اہم ایجنڈے میں کامن سیول کوڈ کو شامل کیا تھا۔ یہ مسئلہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کے منشور میں بھی شامل تھا۔ بھوپال میں بی جے پی کے دفتر میں پارٹی کی کور کمیٹی کی میٹنگ میں شاہ نے کہا کہ شکست کیلئے بڑے اور ذمہ دار لیڈروں کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ اس کے ساتھ اجلاس میں 2018 کی شکست کا جائزہ لیا گیا۔