قائد قوم سید خلیل الرحمن صاحب کے اعزاز میں 10 دسمبر کو دبئی میں منعقد ہو رہا ہے اہم تہنیتی پروگرام: افتخار قوم کا دیا جائے گا اعزاز
01:50AM Wed 7 Dec, 2022

بھٹکل : 06 دسمبر،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل مسلم خلیج کونسل کی طرف سے 10 دسمبر کو دبئی، میں اعلی پیمانے پر تہنیتی پروگرام منعقد ہونے جارہا ہے جس میں قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمٰن کو افتخار قوم کے خطاب سے نوازتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا جائے گا۔ اس کی جانکاری بھٹکل رابطہ سوسائٹی میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ اس اہم تہنیتی پروگرام میں جناب سید خلیل الرحمٰن صاحب کی شخصیت، ان کی زندگی کے نشیب و فراز اور قوم و ملت کے لئے پیش کی گئی ان کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے ایک وڈیو ڈوکومینٹری بھی ریلیز کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یہ پروگرام دبئی کے گرینڈ آئی ٹی ہوٹل میں شام سات بجے شروع ہوگا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر بھٹکل کے قاضی صاحبان مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی تشریف فرما ہوں گے، علاوہ ازیں اس پروگرام کو دلچسپ بنانے کے لئے معروف نائطی شاعر جناب سید سمیع اللہ برماور کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
جناب عتیق منیری نے بتایا کہ پورا پروگرام یوٹیوب چینل پر لائیو نشر ہوگا اور اس کی لنک وہاٹس ایپ اور دیگر سوشیل میڈیا کے ذریعے وائرل کی جائے گی۔
اس پریس کانفرنس میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری مولوی مولی کرانی اور خازن جیلانی محتشم بھی موجود تھے۔