انڈمان کے 10 کورونا پازیٹیو لوگوں میں سے 9 کا ہے نظام الدین کنکشن، کشمیر میں 800 افراد کی فہرست تیار

11:41AM Tue 31 Mar, 2020

نئی دہلی۔ کورونا وائرس انفیکشن کا سب سے بڑا معاملہ دہلی کے نظام الدین میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں سامنے آیا ہے۔ اس کے بعد دہلی ، مہاراشٹر ، آسام ، اتر پردیش ، تلنگانہ ، پڈوچیری ، تمل ناڈو ، کرناٹک ، انڈمان نکوبار، آندھرا پردیش اور سری نگر سے کورونا انفیکشن کے واقعات مل رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ، دہلی سے انڈمان نکوبار واپس آنے والے 10 افراد میں کورونا مثبت پایا گیا۔ متاثرہ افراد میں سے 9 دہلی کے نظام الدین علاقے میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز سے واپس آئے تھے۔دوسری طرف، اس میں کشمیر سے تقریبا 100 افراد شریک ہوئے تھے۔ ان لوگوں میں سے ایک سری نگر کا رہنے والا تھا جو فوت ہو گیا۔ یہ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد جموں و کشمیر حکومت نے 50 صفحات کی ایک فہرست تیار کی ہے ، جس میں ان 855 افراد کے نام شامل ہیں جو یا تو تبلیغی جماعت کی تقریبات میں شریک ہوئے تھے یا اس میں شرکت کرنے والے لوگوں سے رابطے میں آئے تھے۔ بتادیں کہ تبلیغی جماعت کے مرکز میں اجلاس 15 اور 18 مارچ کے درمیان منعقد کیا گیا تھا۔ اس میں ہندوستان اور بیرون ملک سے 2000 سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔ ان میں سے مرکز بلڈنگ میں موجود 24 افراد کورونا مثبت نکلے۔ مرکز سے نکالے گئے لوگوں میں سے 334 افراد اسپتال میں داخل ہیں اور باقی 700 کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ وہیں، اب تک 7 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ ان میں سے 6 کا تعلق تلنگانہ اور ایک کا کیرالہ سے تھا۔
انڈمان۔ نکوبار کے محکمہ صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور کووڈ۔ 19 کے نوڈل آفیسر ابھیجیت رائے نے بتایا کہ اب تک کئے گئے 99 نمونوں کی جانچ میں 10 مثبت پائے گئے ہیں۔ ان میں سے 9 افراد دہلی کے نظام الدین میں منعقدہ تبلیغی جماعت کے اجلاس میں شرکت کرکے واپس انڈمان آئے تھے۔ معلومات کے مطابق ، دسویں کورونا سے متاثرہ خاتون دلی سے واپس آنے والے لوگوں میں سے ایک مریض کی اہلیہ ہیں۔