10؍نومبر سے شروع ہونے والی ہڑتال منسوخ لاری مالکان کے مسائل حل کرنے وزیرٹرانسپورٹ کی یقین دہانی

11:39AM Tue 7 Nov, 2017

 بنگلورو:6؍نومبر(سالار) ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آرٹی او) دفتر کے افسران سے کی جارہی زیادتیں اور ہراسانی سمیت دیگر مطالبات کو لے کر 10؍نومبر سے ریاست گیر لاری ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب لاری اونرس اینڈ ایجنٹس اسوسی ایشن نے اپنی ہڑتال کو چند دنوں کے لئے منسوخ کردیاہے۔ ٹرانسپورٹ وزیر ایچ ایم ریونا کے ساتھ لاری اونرس ایجنٹس اسوسی ایشن کے عہدہ داروں، فیڈریشن کے ماتحت آنے والے مختلف لاری مالکان کی تنظیموں کے عہدہ داروں نے آج اجلاس کے بعد کرناٹک اسٹیٹ لاری اونرس ایجنٹس اسوسی ایشن فیڈریشن نے ایک ماہ کے لئے اپنی ہڑتال منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ آرٹی او دفاتر کے افسران سے کی جارہی زیادتیوں، ٹول سمیت دیگر مانگوں کو لاری مالکان نے وزیر برائے ٹرانسپورٹ کے سامنے رکھا۔ مالکان کی مانگوں کو سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔ اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کرکے ان کی مانگوں کو وزیراعلیٰ کے روبرو پیش کریں گے جس کے بعد لاری مالکان کی فیڈریشن نے 10؍نومبر کو شروع کرنے والی ہڑتال کو تھوڑے دنوں کے لئے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ کرناٹک اسٹیٹ لاری اونرس اسوسی ایشن کی فیڈریشن کے بی چناریڈی اور جنرل سکریٹری گوپال سوامی نے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ وزیر ٹرانسپورٹ کی یقین دہانی کے بعد فیڈریشن نے اپنی ہڑتال ایک ماہ کے لئے ٹال دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایک ماہ کے اندر حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی تو ریاست گیر غیرمعینہ مدت ہڑتال شروع کردی جائے گی۔ مسٹر بی چناریڈی نے بتایاکہ ریاستی حکومت کے چند ٹرانسپورٹ قوانین سے لاری مالکان کافی پریشان ہیں اور کئی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ گوڈس اینڈ سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اضافہ سے لاری مالکان کو مزید پریشانی لاحق ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ جی ایس ٹی شرح میں کمی سمیت مالکان کے تمام مطالبات کو فوری پورا کرنے کی وزیر ٹرانسپورٹ ایچ ایم ریونا سے مانگ کی گئی ہے۔ اس پر وزیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کی مانگوں پرسنجیدگی سے غور کرنے کے بعد انہیں ہرممکن پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزیر موصوف کے تسلی بخش جوابات کے بعد فیڈریشن نے 10؍نومبر سے شروع ہونے والی ہڑتال کو ایک ماہ کے لئے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ وزیر موصوف کے ساتھ ہوئے اجلاس میں بنگلور سٹی لاری اونرس اینڈ ایجنٹس اسوسی ایشن، یشونت پور لاری اونرس سمیت ریاست کے مختلف اضلاع کے لاری اونرس اسوسی ایشن کے جملہ 150؍افراد نے شرکت کی۔