مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے 10/مارچ کو سہ سالہ انتخابات؛26/فروری تک داخل کرسکتے ہیں نامزدگی پرچہ
03:41PM Thu 21 Feb, 2019

بھٹکل: 21 فروری، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل و اطراف کے مسلمانوں کا سیاسی و سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے سہ سالہ انتخابات 10/مارچ،2019 کو منعقد ہونے جارہے ہیں۔ اس کی اطلاع آج صبح مجلس اصلاح و تنظیم میں منعقد اخباری کانفرنس میں الیکشن کمشنر مجلس اصلاح و تنظیم جناب ایس ایم سید عبدالعظیم صاحب نے اخباری نمائندوں کو دی۔
انہوں نے اس کی تفصیلات سے میڈیا والوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پر چہ نامزدگی داخل کرنے کی کارروائی 23/فروری سے شروع ہوگی جبکہ نامزدگی پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ 26/فروری شام 05:00 بجے تک ہوگی۔اس کے بعد 27/ فروری کو نامزد کیے ہوئے تمام پرچوں کی جانچ کی جائے گی اور امیدواورں کو 02/مارچ،2019 تک اپنا نام واپس لینے کا اختیار ہوگا۔
عبدالعظیم صاحب نے بتایا کہ 4/مارچ کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور 10/مارچ،2019 کو تنظیم دفتر میں صبح 09:00 بجے سے شام 05:00 بجے تک انتخابات ہوں گے اور ووٹنگ کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی۔
انتخابات کی گنتی کے بعد 12/13 اور 14/مارچ کو مجلس شوریٰ سے انتطامیہ کے لیے 11/اراکین کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
واضح رہے کہ بھٹکل میں تنظیم کے جملہ ووٹروں کی تعداد 1087/ہے جس کے 13/حلقوں میں ں 35/نشستیں مقرر ہیں۔اسی طرح اندورن ہند 7/حلقوں سے پندرہ نشستیں اور بیرون ہند 10/حلقوں سے 36/نشستیں مقرر ہیں جہاں ووٹروں کی تعداد 1526/ ہے۔
الیکشن کمشنر نے صاف شفاف انتخابات کے لیے امیدوار اور عوام سے تعاو ن کی اپیل کی ہے۔
اس اخباری کانفرنس میں جناب ڈی ایف محمد صدیق اور دیگر موجود تھے۔