محکمہ انکم ٹیکس اتر پردیش کے افسر کے ٹھکانوں سے 10کروڑ روپے نقد، 10کلوگرام سونابرآمدکیا
02:16PM Fri 21 Apr, 2017
نئی دہلی، :(بھٹکلیس نیوز)محکمہ انکم ٹیکس نے اتر پردیش کے ایک سینئر بیورکریٹ کے ٹھکانوں کی تلاشی کے بعد آج 10کروڑ روپے نقد اور تقریبا 10کلو سونا برآمد کیاہے ۔ایک سینئر افسر نے بتایا کہ انکم ٹیکس حکام نے یہاں پاس میں نوئیڈا میں نوئیڈا اتھارٹی کے ایک سابق اوایس ڈ ی کے کم از کم چار ٹھکانوں پر بھی چھاپہ مارا ہے۔یہ محکمہ کی سرکاری ملازمین کے خلاف بلیک منی کی کارروائی کا حصہ ہے۔افسر نے کہا کہ انکم ٹیکس محکمہ کے ٹیموں نے ریاستی سیلز ٹیکس محکمہ کے ایڈیشنل کمشنر کی نوئیڈا رہائش گاہ پر صبح تلاشی شروع کی اور 10کروڑ روپے نقد اور 10کلو گرام سونا برآمد کیا۔انہوں نے کہا کہ افسر فی الحال کانپور میں تعینات ہے۔نوئیڈا میں دوسری تلاشی میں۔ محکمہ نے کچھ کاغذات برآمد کئے ہیں اور نوئیڈا اتھارٹی کے سابق او ایس ڈی سے متعلق مختلف ٹھکانوں اور بینک لاکروں کی تلاشی لی ہے۔محکمہ نے نوکرشاہوں اور سرکاری حکام کے خلاف کچھ دنوں پہلے مہم شروع کی تھی اور اب تک 20کروڑ روپے سے زائد کی غیر اعلانیہ آمدنی کا سراغ لگایا جا چکا ہے۔محکمہ نے گزشتہ تین دنوں میں اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے چار نوکرشاہوں کے یہاں تلاشی لی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا تھا کہ گزشتہ دو دنوں میں ان ریاستوں کے چار سرکاری حکام کے یہاں چھاپے ماری کی گئی ہے، جس میں دہرادون میں اترپردیش ریاستی تعمیر کارپوریشن لمیٹڈ(یوپی آراین این) کے ایک جنرل منیجر کے یہاں ہوئی بھی چھاپہ ماری شامل ہے، یہ چھاپہ ماری مبینہ طور پر سرکاری عہدے کا غلط استعمال اور ٹیکس چوری کے الزامات کی وجہ سے گئی تھی ۔