کرناٹک میں حجاب پہن کر امتحان دینے کیلئے پہنچی طالبہ، ٹیچر نے روکا
03:11PM Mon 28 Mar, 2022
بنگلورو: کرناٹک میں دسویں بورڈ امتحانات شروع ہونے کے بعد ہبلی ضلع میں ایک طالبہ کو حجاب پہن کر امتحان دینے سے منع کردیا گیا اور اسکول یونیفارم میں لوٹنے کے بعد ہی اس کو امتحان کیلئے حاضر ہونے کی اجازت دی گئی ۔ افسران نے کہا کہ طالبہ کو کپڑے بدلنے اور حجاب اتارنے کیلئے اضافی وقت دیا گیا ۔ دھارواڑ کے سینئر سرکاری افسر نے کہا کہ وہ سول ڈریس میں امتحان دینے آئی تھی ۔ طالبہ نے یونیفارم ڈریس کوڈ پر عمل نہیں کیا اور حجاب پہنے ہوئی تھی ۔ ہم نے اس کو سمجھایا کہ اس کو ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرنا ہوگا ، اس کے بعد وہ مان گئی اور پھر اس نے امتحان دیا ۔
وہیں اسی طرح کا ایک معاملہ باگلکوٹ ضلع میں پیش آیا ، جہاں ایک اسکولی طالبہ نے حجاب اتارنے سے انکار کردیا اور امتحان نہیں دیا ۔ کرناٹک میں پیر سے ہائی اسکول کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں ۔ ریاست کے وزیر داخلہ نے کہا کہ جو بھی طالبہ حجاب کو لے کر ہائی کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کرے گا ، اس کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ملے گی ۔
وزیر داخلہ کے مطابق جس کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی ، اس کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ سبھی کو ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرنا چاہئے ۔ طالبات حجاب اتاریں اور امتحان دیں ۔
وہیں کرناٹک کے پرائمری اور سکینڈری ایجوکیشن کے وزیر نے کہا کہ سرکاری قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف پولیس فطری طور پر کارروائی کرے گی ۔ مجھے بھروسہ ہے کہ کوئی بھی طالب علم ایسی صورتحال پیدا ہونے کا موقع نہیں دے گا ۔