ٹریفک قوانین کی پاسداری پر نظر رکھنے شمس الدین سرکل پر لگائی گئی  پولس ٹریفک چوکی

12:53PM Wed 17 Aug, 2022

بھٹکل : 17 اگست،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  گاڑی چلانے والوں کی طرف سے  ٹریفک قوانین کی پاسداری پر نظر رکھنے اورٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھٹکل شمس الدین سرکل پر بھٹکل شہری پولس تھانہ کی طرف سے پولس ٹریفک چوکی  متعین کی گئی ہے جہاں ہر وقت پولس اہلکار موجود رہیں گے اور  ٹریفک پر نظر رکھیں گے۔ اس کا افتتاح کرتے ہوئے بھٹکل ڈی وائی ایس پی مسٹر بیلی ایپا نے کہا کہ بھٹکل میں آئے دن گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک بھی زیادہ ہوتا جارہا ہے اور سڑک حادثات بھی پیش آرہے ہیں۔ان کو قابو میں کرنے کے لیے یہاں شمس الدین سرکل پر ایک چوکی بنائی گئی ہے جو بارش، گرمی اور دیگر موقعوں پر پولس اہلکاروں کو سہولت پہنچائے گی اور ان کو آسانی کے ساتھ اپنا کام کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ۔ شہری پولس تھانہ کے سی پی آئی دیواکر نے اس موقع پر اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں سواریوں کو قانون کے مطابق چلانے اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرانے کے لیے یہ چوکی لگائی  گئی ہے  ۔ انہوں نے کہا کہ  یہاں چوکی کے موجود ہونے  سے امید ہے کہ سوار ٹریفک قوانین پر عمل کریں گے جس سے ٹریفک نظام میں بھی سدھار آئے گا۔ اس موقع پر بھٹکل دیہی پولس تھانہ کے سی پی آئی مہابلیشور نائک، شہری پولس تھانہ کے پی ایس آئی ایچ کڈگنٹی،  سوما بی ،دیہی پولس تھانہ کے پی ایس آئی بھرت کمار اور  دیگر پولس اہلکار موجود تھے ۔