بھٹکل میں بچوں کے کتاب میلہ کا ہوا شاندار افتتاح: مقررین نے نئی نسل کو کتاب سے جوڑنے پر دیا زور
12:44PM Sat 4 Feb, 2023

بھٹکل: 4 فروری،2023 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل نوائط کالونی تعلقہ اسٹیڈیم میں ادارہ ادب اطفال کے زیر اہتمام جمعہ کو عصر بعد بچوں کے کتاب میلہ کا افتتاح ہوا جو کہ اگلے سات دن تک چلے گا جس میں کتابوں کے مختلف اسٹال کے علاوہ بچوں کے دلچسپ مقابلے ،مکالمے، اسٹیج شو وغیرہ ہونگے ۔
افتتاحی تقریب میں اُترپردیش سے تشریف فرما دار المصنفین اعظم گڑھ کے مولانا عمیر صدیق دریابادی ندوی نے کتابوں کے پڑھنے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جس امت کی پہچان کتابوں سے تھی جس کو پہلی وحی میں تعلیم کی طرف توجہ دلائی گئی تھی وہ موجودہ زمانے میں کتابوں سے بہت دور جاچکی ہے جو کہ موجودہ دور کا بڑاالمیہ ہے ۔انہوں نے ایسے حالات میں کتاب میلہ کی اہمیت اور اس سے ہونے والے فائدے کا تذکرہ کرتے ہوئے اس کو انعقاد کرنے والوں کی سراہنا کی اور ان کا ساتھ دینے کی بات کہی۔
اس کے علاوہ اس موقع پر مالیگاوں سے تشریف فرما اُردو صحافی جناب امتیاز خلیل ،مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی اور اُڈپی سے تشریف فرما مولانا عُبیداللہ کنڈلوری ندوی نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔
مولانا عبدالحمید اطہر ندوی کی صدارت میں منعقد ہوئے اس کتاب میلہ کا افتتاح عبیدالرحمن رکن الدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد مسیّب محتشم نے نعت پاک پیش کی۔ جبکہ ادارہ کے رُکن مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کیےاور مولانا سمعان خلیفہ ندوی نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ کتاب میلہ کے کنوینر مولانا عبداللہ غازی ندوی نے پروگرام کی غرض وغایت پر روشنی ڈالی۔
ڈائس پر مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے صدر جناب سید محی الدین ایس ایم، جامعہ اسلامیہ کے ناظم مولانا طلحہ رکن الدین ندوی، مولانا عبدالمتین منیری ، مولانا عبدالعلم قاسمی ، جامعہ اسلامیہ کے استاذ حافظ کبیرالدین، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا عزیزالرحمن رکن الدین ندوی وغیرہ بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے صدر مولوی عبدالعلیم قاسمی کی دُعا پر جلسہ مغرب کی اذان پر اختتام کو پہنچا۔





