مارچ کی 09/تاریخ سے شروع ہورہے ہیں سکینڈ پی یو کے امتحانات
03:32PM Mon 6 Mar, 2017

بھٹکلیس نیوز / 06 مارچ، 17
کاروار / (نامہ نگار) سکینڈ پی یو کے امتحانات نو مارچ سے شروع ہونے جارہے ہیں جس کے لئے ضلع میں مکمل طور پر تیاری کرنے کی ہدایات ڈپٹی کمشنر نے جاری کی ہیں۔ اطلاع کے مطابق 27/مارچ تک یہ امتحانات ضلع کے 29/مراکز میں چلیں گے۔ امسال ضلع سے کل 15942طلبا امتحان میں شریک ہونگے جن میں 13369طلبا پہلی مرتبہ امتحان کا سامنا کریں گے تو 1606ریپیٹرس اور 967پرانے طلبا امتحان لکھیں گے۔ اگر شعبہ جات کی بات کریں توآرٹس میں 4705۔ کامرس میں 7237 اور سائنس میں 4ہزار طلبا شامل ہیں۔ جنسی شرح دیکھیں تو کل طلبا میں سے 7155طلبا اور 8787طالبات ہیں۔ ڈی سی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ پرامن ماحول میں امتحانات منعقد کریں ، طلبا کو نقل کرنےکے لئے کوئی موقع نہ دیں اور اور جن طلبا کو امتحان کے لئے اہل قرار دیا گیا ہے، اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہی طلبا شریک ہوکر امتحان دیں۔
اس کے لئے تمام امتحانی مراکز کے باہر امتناعی احکامات نافذ کئے گئے ہیں، جس کے مطابق امتحان شروع ہونے سے لے کر امتحان کے اختتام تک امتحانی مرکز کے 200/میٹر تک دفعہ 144/کے تحت امتناعی حکم نافذ ہوگا۔ علاوہ ازیں اس حد میں کوئی بھی زیراکس کی دکان بھی کھلی نہیں رکھی جائے گی۔