بھٹکل کے مصدق ائیکری کی رہنمائی میں ریلوے اسٹیشن پر قومی یکجہتی کا خوشنما منظر: بنگلورو سے 200 ویں شرمک ٹرین گوہاٹی کیلئے روانہ
06:16AM Mon 15 Jun, 2020

بنگلورو۔ 15 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو/ذرائع) اتوار کے روز مورخہ 14 جون، رات 8 بجے بنگلورو کے KSR ریلوے اسٹیشن سے 200 ویں شرمک ٹرین آسام کے گوہاٹی کیلئے روانہ ہوئی۔ 1750 مسافروں پر مشتمل یہ ٹرین بنگلورو ڈویژن کی 200 ویں اور ساوتھ ویسٹرن ریلوے کی 231 ویں شرمک ٹرین تھی۔
اہم بات یہ رہی کہ بھٹکل کے جناب مصدق ائیکری (کیمیا مصدق) کی زیر سرپرستی لاک ڈاون سے لیکر اب تک مزدوروں کو ریلوے اسٹیشن پہونچ کر کھانا، پانی، فروٹ تقسیم کرنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے 200 ویں شرمک ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ محکمہ ریل کے افسران کی موجودگی میں ہندو، مسلم سکھ اور عیسائی طبقہ کی این جی اوز کے نمائندوں نے اس خصوصی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے مسافروں کو ہنسی خوشی روانہ کیا۔ اسطرح بنگلورو کے ریلوے اسٹیشن پر بھٹکلی فرد کی کاوشوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا خوشنما منظر دیکھنے کو ملا۔
جناب مصدق ائیکری نے بھٹکلیس سے فون پر بات کرتے ہوئے اس کی جانکاری دی اور کہا کہ آج کے زمانہ کے فرقہ پرست طاقتوں کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ موجودہ دور میں انسانیت کا کیا مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انسانیت کا درس دینے والے اس عظیم پیغمبر کی باتوں پر عمل کرکے ہی یہ کام انجام دے رہے ہیں جن کو دنیا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نام سے جانتی ہے۔
ساوتھ ویسٹرن ریلوے نے کہا کہ مزدوروں کیلئے عظیم خدمت انجام دینے والی این جی اوز کا محکمہ ریلوے شکریہ ادا کرتا ہے۔ کورونا کی وبا سے نمٹنے کیلئے نافذ کئے گئے لاک ڈاون کے بعد بنگلورو اور کرناٹک کے دیگر شہروں میں مہاجر مزدوروں کیلئے کئی مسائل کھڑے ہوئے تھے۔ اترپردیش، بہار، جھارکھنڈ، آسام اور دیگر شمالی ہند کے نہ صرف مزدور بلکہ، طلباء، ملازمت اور تجارت پیشہ لوگ بنگلورو میں کثیر تعداد میں پھنسے ہوئے تھے۔ لاک ڈاون سے متاثرہ لوگوں کو انکے آبائی مقامات کو روانہ کرنے کیلئے شرمک ٹرینوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
بنگلورو سے 3 مئی سے تقریبا ہر دن شرمک ٹرینیں شمالی ہند کی ریاستوں کیلئے روانہ ہورہی ہیں۔ بنگلورو اور کرناٹک کے چند دیگر شہروں سے روانہ ہوئی 231 ٹرینوں کے ذریعہ اب تک 3 لاکھ 32 ہزار افراد جن میں زیادہ تر مہاجر مزدور ہیں، اپنے اپنے آبائی مقامات لوٹ چکے ہیں۔ بنگلورو کے علاوہ میسور اور ہبلی ڈویژن سے بھی شرمک ٹرینیں چلائی گئی ہیں۔کرناٹک سے روانہ ہونے والی 231 شرمک ٹرینوں میں سب سے زیادہ 125 ٹرینیں بہار اور یوپی کیلئے روانہ ہوئی ہیں۔ جموں و کشمیر کیلئے بھی تین شرمک ٹرینیں بنگلورو سے روانہ ہوئی ہیں۔ اس طرح ساوتھ ویسٹرن ریلوے نے کرناٹک سے ملک کی 17 ریاستوں کیلئے شرمک ٹرینیں چلائی ہیں۔
شرمک ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں سے کوئی کرایہ نہیں لیا جاتا ہے۔ مسافروں کو بھیجنے اور حاصل کرنے والی ریاستیں ان کے سفر کا خرچ برداشت کرتی ہیں۔ ریاستی حکومتوں کی درخواست کے بعد محکمہ ریلوے ریاستوں کیلئے شرمک ٹرینوں کا انتظام کرتا ہے۔ بنگلورو سے 3 مئی سے شروع ہوا شرمک ٹرینوں کی روانگی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ جناب مصدق ائیکری کی جانب سے اس عمر میں بھی خدمت خلق کا جذبہ دیکھتے ہوئے ہر طرف ان کی ستائش کی جارہی ہے۔





