کرناٹک میں لاک ڈاؤن میں راحت نہیں ہوگی؛03 مئی تک چلے گا لاک ڈاؤن

02:41PM Mon 20 Apr, 2020

بینگلورو: 20 اپریل، 20  (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ 20 اپریل کے بعد حکومت نے جو چھوٹ دینے کا ارداہ کیا تھا اس کو ترک کردیا گیا ہے اور معمول کے مطابق لاک ڈاؤن کو پوری سختی کے ساتھ 03 مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے اس کی اطلاع وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا نے دی وہ یہاں کابینی میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بینگلور کے پداریانا پورا مین ہیلتھ ورکروں پر ہوئے حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سے قبل وزیر قانون و پارلیمانی امور جے سی مدھوسوامی نے لاک ڈان کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کورونا کے انفیکشن کو روکنے کے لیے مزید غور و خوض کے بعد لیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے کام پر پابندی عائد رہے گی جبکہ زراعت سے وابستہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کابینی اجلاس میں منظور دیگر چیزوں کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اگلے تین ماہ کے لئے 1 لاکھ لوگوں کو مفت گیس سلنڈر دینے کا فیصلہ لیا ہے جو ریاستی اسکیم کے تحت  ہی تقسیم کیے جائیں گے جو کہ مرکزی حکومت کی اسکیم کے علاوہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد 395 تک پہنچ چکی ہے جن میں 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ اب تک 111افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔