جب حضور آئے۔۔۔(۱۹)۔۔۔ صبح ہدایت نمودار ہوئی۔۔۔ تحریر: علامہ سید سلیمان ندویؒ

Mohammed Mateen Khalid

Published in - Seeratun Nabi

06:15PM Tue 11 Aug, 2020

خوش خبری کہو کہ اس ماہ ربیع الاول کا چاند طلوع ہوا جو اسلام کی بہار کا مہینہ ہے، وہ مہینہ ہے جس میں ہدایت کی صبح نمودار ہوئی اورنیکی کے چشمے نکلے، وہ مہینہ جس میں وہ شخص ظاہر ہوا جو عرب کو تاریکی سے روشنی میں، جہالت سے علم میں، وحشت سے تہذیب، کفر سے توحید، ذلت و پستی سے عزت و فضائل کی طرف لایا، پس اس وقت مذہباً سب سے بڑی قوم کے نزدیک سب سے بڑا مہینہ ہے اورمذہب خدا کے نزدیک صرف اسلام ہے۔ وہ مہینہ ہے جس کے لئے ہم پر واجب ہے کہ اس کا مسرت، تبسم، خوشی کے ساتھ استقبال کریں کیونکہ اس مہینہ میں جب کہ قریب تھا کہ اس کا چاند ماہ کامل ہو جائے تو زمین و آسمان کا بدر کامل طلوع ہوا اورزمین و آسمان خدا کے نور سے چمک اٹھے، ہم پر واجب ہے کہ ہم اس مہینہ کے لئے خوشی کریں، جس میں ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پیدا ہوئے اور ان کی وہ روشنی چمکی جو کبھی چھپنے والی نہیں ہے، جب تک آسمان و زمین ہیں جس سے کفر کے بادل چھٹ گئے، شرک کی تاریکیاں مٹ گئیں، بت پرستی معدوم ہو گئی اور زمین کے ٹیلوں پر اسلام کا پرچم لہرانے لگا۔ یہ وہ مہینہ ہے جو ہماری قابل عزت تاریخ کا دیباچہ ہے اورہمارے روشن دنوں کی صبح ہے، خدا اس بندے پر اپنی رحمت نازل کرے جس نے اس مہینے کو ولادت نبوی کی یادگار اور مجلس میلاد کا زمانہ بنایا۔

https://telegram.me/ilmokitab/