جب حضور آئے۔۔۔(۱۳) ۔۔۔ سب سے بڑی عید کا دین۔۔۔۔ تحریر: مولانا کوثر نیازی

Mohammed Mateen Khalid

Published in - Seeratun Nabi

06:20PM Mon 29 Jun, 2020

سب سے بڑی عید کا دن مولانا کوثر نیازی ۔۔۔۔۔۔۔۔

" ربیع الاول کا مہینہ پوری تاریخ انسانی میں ایک غیر فانی اہمیت کا حامل مہینہ ہے ۔ اس مہینے میں وہ ذات بابرکات پہلوئے آمنہ میں ہویدا ہوئی جس نے تاریخ انسانی کے دھارے کا رخ پلٹ دیا ۔ جس نے انسانیت کو پستی سے نکال کر عظمت و رفعت کے آسمان پر پہنچایا ۔ جس نے دکھی دنیا کو پیغام امن و راحت دیا ۔ اسے دکھوں اور آلام کا مداوا بخشا ۔ اس کی ان بیڑیوں کو کاٹا جس میں وہ صدیوں سے جکڑی چلی آرہی تھی ۔ اس کی پشت پر سے وہ بوجھ اتارے جس کے نیچے وہ قرن ہا قرن سے دبی جا رہی تھی اور اسے ایک ایسا اجتماعی نظام حیات دیا جس کو اپنا کر وہ امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکتی ہے ، اور جس میں رنگ و نسل وطن اور قوم اور امارت و افلاس کی بنیاد پر کوئی تفریق اور امتیاز نہیں ہے ۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ( فداہ ابی و امی ) جس وقت پیدا ہوئے ۔ ساری دنیا ضلالت و گمراہی میں سرگرداں تھی خدائے واحد سے منہ موڑ کر انسان ہر جگہ ذلیل و خوار ہو رہا تھا ۔ ہر انسانی معاشرہ مختلف طبقات میں بٹا ہوا تھا ۔ اوپر کا طبقہ زیردست طبقے کا خدا بنا ہوا تھا ۔ اخلاقی اور اجتماعی امراض پوری طرح گھر کر چکے تھے ۔ ہر طرف جنگل کا قانون رائج تھا اور دھرتی انسان کے خون سے انسان کے ہاتھوں لالہ زار ہو رہی تھی ۔ ایسے عالم میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ۔ سید المرسلین کا عالم انسانیت پر بلاشبہ یہ احسان عظیم تھا اور یقینا وہ دن بڑا ہی اہم تھا جب یہ محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم اس عالم آب و گل میں تشریف لائے ۔ بہ نظر غائر دیکھا جائے تو عید میلاد النبی ہی تمام عیدوں کا مبداء ہے ۔ آنحضور کا ظہور پرنور ہوا تو خلق خدا کو خدائے تبارک و تعالیٰ کی ہستی کا شعور حاصل ہوا ۔ توحید کا ادراک وحدانیت کا اقرار احکام خداوندی کی تعلیم ، عبادات کی تفہیم سب آنحضور صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی ذات مقدس کی مرہون منت ہے۔ رمضان شریف اور اس کی فضیلتیں آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی وجہ سے ہم پر ظاہر ہوئیں۔ اور انہی فضیلتوں سے متمتع ہونے کے بعد ہم عید الفطر کی مسرتوں کے مستحق ہوئے۔ اسی طرح آنحضور نے ہی حج اور قربانی کے طریقے سکھائے جن کی بنا پر ہمیں عید الاضحیٰ کی خوشیاں نصیب ہوئیں، پس جو یوم مبارک عیدین وعیدین کی تقریبات کا مبداء ہے وہ تو کہیں زیادہ مسرت و ابتہاج کا دن ہے جسے ہم سب سب سے بڑی عید کا دن کہہ سکتے ہیں"۔ https://telegram.me/ilmokitab