Jalwah Hai Pa Ba Rikab(31)
ہائی اسکول کے ابتدائی دنوں میں وقتا فوقتا میرے دل میں خفیف سی تکلیف ہوتی تھی۔ والد مرحوم کی رائے تھی کہ یونانی علاج کرایا جائے۔ وائم باڑی سے کچھ 35 کلو میٹر کے فاصلے پر شہر " پیرنامبٹ " واقع ہے جو طب یونانی کا گڑھ جانا جاتا ہے۔ ان دنوں اس شہر میں چار پانچ نامور حکماء رہتے تھے۔ ایک دن میں والد مرحوم کے ساتھ وہاں کے ایک مشہور حکیم کے پاس گیا۔ طب یونانی کی روایت کے مطابق میں اپنا قارورہ بھی ساتھ لے گیا تھا۔
حکیم صاحب سے ملاقات ہوئی، میں نے انہیں اپنی تکلیف بتائی، انہوں نے قارورہ پر نظر ڈالی اور نبض دیکھی۔ اب ان کی تشخیص پوری ہو چکی تھی۔ انہوں نے مجھ سے کہا: تمہارے دل کے پائپ پھول گئے ہیں، اس کا علاج کرنا پڑے گا۔ مجھے ان کے انداز گفتگو سے بڑی کوفت ہوئی۔ دل کے پائپ " کس قسم کی زبان ہے۔ "شرایین " کیوں نہیں کہا؟ میں نے اس وقت فیصلہ کر لیا کہ ان سے علاج نہیں کرانا ہے۔ ہم دائم باڑی لوٹ آئے۔
وانم باڑی سے کچھ سولہ کلومیٹر کے فاصلے پر مشہور شہر آمبور واقعہ ہے جہاں عیسائی مشنریوں کا ایک مشہور ہاسپٹل ہے جس کا نام Bethesda Hospital ہے۔ اس میں ہندوستانی ڈاکٹر کام کرتے ہیں لیکن ان میں ایک یورپی ڈاکٹر ضرور ہوتا ہے۔ ان دنوں ڈاکٹر بلے نامی ایک جرمن ڈاکٹر تھا۔ میں ان سے ملا۔ ابتدائی inspection کے بعد انہوں نے بہت سارے ٹیسٹ لکھ کر دیے۔ تقریبا دو ہفتے میں یہ سارے ٹیسٹ ہو پائے۔ جب ریزلٹ لے کر ڈاکٹر سے ملا تو انہوں نے کچھ اور ٹیسٹ لکھ ڈالے۔ ان کو پورا کرنے میں ایک اور ہفتہ لگا۔ آخر کار جب ان کے بھی ریزلٹ آگئے تو ان سب کو لے کر ڈاکٹر سے ملا۔ انہوں نے ریزلٹ کا مطالعہ کرنے کے بعد کہا: There is a slight expansion in
your aorta یعنی تمہارے دل سے متصل شریان میں خفیف سا پھیلاؤ ہے۔
سبحان اللہ ! جو بات حکیم صاحب نے چند سکینڈ میں بتادی تھی، وہی بات بتانے کے لیے جرمن ڈاکٹر کو ایک ماہ کا عرصہ لگا، وہ بھی مختلف investigations کی مدد سے۔
اس قسم کا ایک اور واقعہ بھی میرے ساتھ پیش آیا۔ مدینہ منورہ میں ایک پاکستانی حکیم رہتے تھے۔ ایک دفعہ مجھے بد ہضمی کی شکایت تھی۔ میں ان سے ملا، انہوں نے بد ہضمی کی دوا دے دی۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ آپ کے اعصاب میں خلل ہے جو پندرہ بیس دن بعد ظاہر ہو گا۔ آپ چاہیں تو اس کا علاج بھی شروع کر دیں، یا پندرہ دن بعد۔ میں نے دل میں سوچا کہ نبض دیکھنے سے اعصاب میں خلل کا پتا کیسے چل سکتا ہے ؟ اور خلل کے ظہور کا وقت بھی ٹھیک ٹھیک پندرہ دن بتا رہے ہیں۔ مجھے ان کی باتوں پر یقین نہیں آیا۔ میں نے اعصاب کی دوا نہیں لی۔
دوسرے دن میں کینیڈا کے سفر پر چلا گیا، دو ہفتے بعد واپسی ہوئی۔ ایک دن دو پہر کا کھانا کھا رہا تھا۔ دائیں بازو پر سخت درد کا احساس ہوا۔ ڈاکٹر سے رجوع کیا تو اس نے بتایا کہ یہ اعصاب کا درد ہے، اور اس کا طبی نام spondylitis ہے۔