Dr. Rafiuddin Hashimi Ki wafat

Abdul Mateen Muniri

Published in - Zaban O Adab

11:38PM Thu 25 Jan, 2024

آج ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی صاحب کی رحلت کی خبر سن کربہت رنج ہوا، کتاب وتحقیق کی ایک عظیم شخصیت سےاردودنیا محروم ہوگئی، ابھی دو ماہ قبل آپ کی کتابیات اقبال کے تازہ ایڈیش کا اجرا ہوا تھا، جسے آپ کا بہت عظیم کارنامہ شمار کیا گیا تھا۔

مرحوم کو قریب سے جاننے والے ان شاء اللہ آپ کے علم و تحقیق، شرافت واخلاق اور سیرت کے قابل اسوہ روشن پہلؤوں کو اجاگر کریں گے، اقبال کے محققین تو بہت ہوئے ہیں لیکن ان میں اقبال کی فکر سے مکمل آہنگی رکھنے والی شخصیات شاید ایک ہاتھ کی انگلی پر گنی جاسکیں، ڈاکٹر صاحب اپنی سلیم الفکری کا ایک انمول نمونہ تھے، ڈاکٹر صاحب کتابیات کے آدمی تھے، خرم جاہ مراد کے زمانے سے آپ نے ترجمان القرآن میں تبصرہ کتب کے شعبہ کو سنبھالا تھا، اور کہنا چاہئے کہ آپ کی سرپرستی میں اس مجلے نے تبصرہ کتب کے شعبہ میں اپنا ایک معیار قائم کیا تھا،یہ کہنے میں مضائقہ نہیں کہ ترجمان القرآن کی طرح اسی فکر کے ایک ہفتہ وار فرائیڈے اسپیشل نے بھی تبصرہ کتب کے میدان میں ایک اچھا معیار قائم کیا ہے، اس شعبہ میں دوسرے دینی اداروں او رجماعتوں کے پرچے فنی معیار میں بہت پیچھے نظر آتے ہیں، ڈاکٹر صاحب کی خواہش پر اس ناچیز نے بھی ۱۹۹۰ء کی دہائی میں ترجمان میں نئی عربی کتابوں پر تبصروں کا سلسلہ شروع کیا تھا، لیکن یہ زیادہ دن چل نہیں سکا، کیونکہ ہمیں محسوس ہوا کہ  اس مجلے کے  قارئین میں عربی کتابوں سے دلچسپی رکھنے والے شاذ نادر پائے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب تبصروں کو معیاری بنانے کے لئے رہنمائی بھی کرتے تھے اور ہمت افزائی بھی۔ وہ بہت کھلے ذہن ودماغ کے انسان تھے۔

 ابھی چند روز قبل بھٹکل میں ادارہ ادب اطفال کے ذمہ دار ڈاکٹر عبد الحمید اطہر رکن الدین ندوی کے فرزند جو ابھی چھوٹی عمر کے ہیں، ان کی کتاب پر آپ نے ہمت افزائی کے کلمات لکھے تھے، اس سے آپ کے اخلاق اور رویوں کی بلندی کا احساس ہوتا ہے، یہی وہ لوگ ہیں جن سے قوم کی رہنمائی کرنے والی نسلیں بنتی ہیں، اللہ آپ کے اعمال کو قبول کرے، اور اعلی علیین میں جگہ عطا کرے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

عبد المتین منیری

2024-01-25