Akhirat Ki lain May Kab Aarahay Ho(06) Dr. F Abdur Rahim

Dr. F Abdur Rahim

Published in - Yadaun Kay Chiragh

07:55PM Fri 29 Dec, 2023

   

ہمارے قصبے وائم باڑی میں ایک کالج ہے جو اسلامیہ کالج کہلاتا ہے، اور وہ مدراس  یونیورسٹی سے affiliated ہے، میں ۱۹۵۷ سے یہاں انگریزی پڑھا رہا تھا۔ ایک صبح میں کالج جارہا تھا۔ راستے میں ایک صاحب ملے، علیک سلیک کے بعد ان کے  ساتھ حسب ذیل گفتگو ہوئی۔

آپ کیا کرتے ہیں؟۔

میں پڑھاتا ہوں۔

کہاں؟

اسلامیہ کالج میں۔

کیا پڑھاتے ہیں ؟ -

انگریزی۔

آخرت کی لائن میں کب آئیں گے ؟

وہ بہت ہی غصے کی حالت میں سوال کر رہے تھے، ملتے وقت بھی ان کے چہرے پر  مسکراہٹ نہیں تھی۔  چلا گیا۔

ان کے آخری سوال کا مطلب میں سمجھ نہیں پایا، میں نے اس کا جواب نہیں دیا، اور  اس کے بعد جب بھی وہ سڑک پر نظر آتے ، میں راستہ بدل کر نکل جاتا، لیکن کبھی کبھی غیر متوقعہ طور پر مڈ بھیڑ ہو جاتی، جب بھی ملاقات ہوتی، وہ وہی سوال دہراتے، اور آخر میں وہی سوال کرتے : آپ آخرت کی لائن پر کب آئیں گے ؟

ء۱۹۵۹ میں ہمارے کالج میں عربی کا ڈیپارٹمنٹ قائم ہو گیا۔ میں نے مدراس یونیورسٹی سے انگریزی زبان وادب میںB.A Hons)    ( کی ڈگری لی تھی۔ پھر ۱۹۵۸ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے عربی زبان و ادب میں M.A کی ڈگری حاصل کی۔ اس طرح میں عربی پڑھانے کے لیے qualified تھا۔ چنانچہ میں اسلامیہ کالج میں عربی کا HOD بنا دیا گیا۔ اب میری بڑی خواہش تھی کہ آخرت کی لائنوالے صاحب سے مل کر انہیں  بتادوں کہ میں اب آخرت کی لائن میں منتقل ہو چکا ہوں۔

ان سے ملاقات ہوئے کافی دن ہوئے تھے، میں ان کی تلاش میں رہا، اور ایک روز ان سے ملاقات ہو گئی، وہ دور سے نظر آئے اور میں ان کے انتظار میں کھڑا رہا۔ جب ملے تو میں نے ان کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا: آپ کی دعا سے میں آخرت کی لائن میں آگیا ہوں۔

انہوں نے کہا: وہ کیسے ؟

میں نے کہا: اب میں نے انگریزی کی teaching چھوڑ دی ہے۔ انہوں نے کہا: تو کون سا مضمون پڑھا رہے ہیں؟

میں نے فخر سے کہا: عربی زبان اور اس کے ساتھ قرآن شریف، حدیث اور فقہ ۔ انہوں نے کہا: کس جگہ ؟ کہاں؟  میں نے کہا: اسلامیہ کالج میں۔  وہ بولے: یہ بھی دنیا ہی کی لائن ہے۔ آخرت کی لائن میں کب آرہے ہیں ؟